کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے اسپیشل برانچ پولیس حیدرآباد میں جعلی بھرتیوں پر برطرف 48پولیس اہلکاروں کی اپیلیں مسترد کردیں ۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اسپیشل برانچ پولیس حیدرآباد میں جعلی بھرتیوں سے متعلق سماعت ہوئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے اس بھرتی کی تو بنیاد ہی غلط تھی، ایک زبان کے اخبار میں اشتہار شائع کرنا دوسروں کے ساتھ زیادتی ہے۔ ٹریبونل نے جعلسازی ثابت ہونے پر برطرف کیا ہم کیسے بحال کردیں؟ حکام نے بتایا کہ اسپیشل برابچ حیدرآباد میں 2015 میں اہلکاروں کو بھرتی کیا گیا۔ ٹریبونل نے جعلسازی پر برطرف 71 اہلکاروں کی درخواست مسترد کی تھی۔ سپریم کورٹ کے حکم پر اہلکاروں کو دوبارہ موقع دیا گیا۔ دوبارہ اشتہار شائع ہونے پر صرف 11 امیدواروں نے درخواست دی۔ بھرتی کرنے والے ایس ایس پی امداد شاہ کیخلاف انکوائری جاری ہے۔ عدالت نے جعل سازی پر برطرف 48 پولیس اہلکاروں کی اپیلیں مسترد کردیں۔