پشاور(وقائع نگار)پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں صوبا ئی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے محکمہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بغیر پرمٹ بیشتر رکشوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم کی نگرانی میں خصوصی ٹیم نے محکمہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر رکشوں کے کاغذات کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران 300سے زائد رکشوں کے کاغذات اور پرمٹ کا معائنہ کیا گیا جبکہ بغیر پرمٹ رکشہ چلانے پر 93رکشوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بغیر پرمٹ رکشہ مالکان کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور پشاور بھر میں بغیر پرمٹ رکشوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا