• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور پجگی روڈ پر کارروائی ،جعلی گڑ تیار کرنیوالا یونٹ سیل

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے پجگی روڈ پر بڑی کاروائی کرتے ہوئے جعلی گڑ تیار کرنے والا یونٹ پکڑ لیا۔ گھر کے اندر قائم یونٹ میں گنے کے بجائے چینی، خراب گڑ اور مضر صحت رنگوں کی مدد سے گڑ کی تیاری کی جارہی تھی، چھاپے میں یونٹ سے 1400 کلو سے زائد چینی، غیر معیاری گڑ اور رنگ برآمد کیا گیا، جن کی آمیزش سے گڑ کی تیاری کی جارہی تھی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کاروائی کمپلینٹ سیل کے زریعے موصول ہونے والی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی، اطلاع ملنے پر پجگی روڈ پر واقع ایک گھر پر چھاپا مارا گیا جہاں مضر صحت گڑ تیار کرنے والا یونٹ پکڑا گیا۔ کاروائی کے دوران یونٹ میں تیار ہونے والا مضر صحت گڑ تلف کردیا گیا، جبکہ تیاری میں استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں استعمال ہونے والا مضر صحت گڑ شہر کے مختلف مقامات پر سپلائی کیا جاتا تھا۔ کاروائی کے دوران مضر صحت گڑ کی تیاری پر یونٹ مالک گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ٹیمز مارکیٹ میں صاف اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ عوام بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا ساتھ دیں اور اپنی شکایات ہمارے ٹال فری نمبر پر درج کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے مارکیٹ میں خالص گڑ کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے گڑ گانیوں کی مسلسل نگرانی کررہی ہے، تاکہ عوام تک خالص اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق گڑ اور دیگر اشیاء خوردنوش کی دستیابی یقینی بناسکیں
پشاور سے مزید