لندن (جنگ نیوز) سماجی شخصیت شیخ سربلند نے مری میں برفباری کے سبب ٹریفک جام میں پھنس کر 24 افراد کے جاں بحق ہونے جن میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل ہیں ،پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ موسم سے لطف اندوز ہونے اور چھٹیاں گزارنے کیلئے مری گئے تھے لیکن حکومت اور انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب موت کے منہ میں چلے گئے، انہوں نے کہا کہ یقیناً اگر دو دن میں 5 سے 6 فٹ برف برطانیہ میں گر جائے تو نظام زندگی مفلوج ہو جائے لیکن جب محکمہ موسمیات نے 5جنوری کو شدید برفباری کی پیشگوئی کر رکھی تھی تو سرکاری اہلکاروں کو اس بات کا نوٹس لے کر یہ یقینی بنانا چاہئے تھا کہ وہ کتنے لوگوں کو سنبھال سکتے ہیں، شیخ سر بلند نے کہا کہ پاکستان کی فوج نے ایک مرتبہ پھر مشکل وقت میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض کے علاوہ عوام کی خدمت کیلئے سڑکوں کو کلیئر کرایا، انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک سانحہ سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے کہ آئندہ کتنے افراد کو مری جانے کی اجازت دی جانی چاہئے تاکہ دوبارہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔