• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ہائیکورٹ میں رٹ

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سانحہ مری پر انتظامیہ اور مری کے خلاف پروپیگنڈہ مہم پر کارروائی کیلئے دائر رٹ پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔جماعت اسلامی مری کے رہنماسفیان عباسی وغیرہ نے جلیل عباسی ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر رٹ میں موقف اختیار کیا کہ سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف فوجداری اورمری میں اوورچارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔مری کے خلاف پروپیگنڈہ مہم چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔عدالت عالیہ ایف آئی اے کو حکم دے کہ وہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔رٹ میں سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی بھی استدعا کی گئی۔رٹ میں ٹریفک،ضلعی انتظامیہ ،ہائی وے سمیت بارہ محکموں اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ رٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ مری کو ٹورسٹ ضلع بنانے کا اعلان کرکے معاملہ کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔عدالت عالیہ نے رٹ پر19جنوری کیلئے نوٹس جاری کرکےفریقین سے جواب طلب کرلیا ۔سماعت کے بعد محمد سفیان عباسی وغیرہ نے گفتگو کر تے ہو ئے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ و زیر اعلی ٰ پنجاب فوری طور پر مستعفی ہوں اور مری میں مو جو د متعلقہ اداروں کے ذمہ دار افرد کے خلاف مجر مانہ غفلت بر تنے پرایف آئی درج کی جا ئے۔جاں بحق ہو نے والے ہر فرد کے لیے کم ازکم پچاس لاکھ روپے کا اعلان کیا جا ئے۔
اسلام آباد سے مزید