• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم دنیااغیار کی سازشوں کاشکار ہے،عظیم جی

بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کی روحانی شخصیت علامہ عظیم جی نے کہا ہے کہ آج کے پُرآشوب دور میں مادیت کا زہر ہر شخص کے رگ وپے میں سرایت کرچکا ہے،فتنہ و فساد اور فرقہ واریت کی آگ نے امن عالم کو خاکستر کردیا ہے، آج مسلم دنیا تمام تر دنیاوی وسائل و اسباب رکھنے کے باوجود اغیار کی سازشوں باہمی تنازعات اور بدترین معاشی زبوں حالی کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بولٹن میں کونسلر راجہ محمد اقبال کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کے بعد روزنامہ جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ایک طرف ملت اسلامیہ سیاسی اقتصادی علمی اور روحانی کسمپرسی اور پسماندگی کا شکار ہے اور دوسری جانب وہ عظیم ملت اسلامیہ جس کے رہنما اور صوفیا نے امن و آشتی اور محبت و رواداری کی خوبصورت فضا کو پروان چڑھایا تھا، آج ان ہی کی تعلیمات کو طرح طرح کی سازشوں کے ذریعے ناکام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امت مسلمہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے اور صوفیا کی تعلیمات کو زندگی کا حصہ بنائے تو اسلام کے کارواں کو کرب و اضطراب کے تپتے صحرا سے نکال کر سکون و اطمینان کی ٹھنڈی چھائوں میں لایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا سامراجی طاقتیں اسلام کی وحدت کو پاش پاش کرنے پر تلی ہوئی ہیں، امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اپنے طرز عمل اور روئیے میں تبدیلی لاکر انتہا پسندی اور تخریب کاری کی سوچ رکھنے والے لوگوں کو بے نقاب کرے جو مسلمانوں کی صفوں میں گھس کر اسلام جیسے پرامن مذہب کی بدنامی اور رسوائی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ ملٹی کلچرل معاشرے میں رہتے ہوئے آپﷺکے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر اپنی زندگیوں کو باوقار بناکر دین اسلام کی خدمت کرے تاکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنایا جاسکے۔ کونسلر راجہ محمد اقبال نے علامہ عظیم جی کی بولٹن آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی معاشرے میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، استقبالیہ میں خواتین نے بھی شرکت کی۔