• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، غربت میں اضافہ، مفت روٹی کیلئے لمبی قطاریں

کابل (اے ایف پی) افغانستان میں انسانی بحران اور غربت میں اضافہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے، سخت سردی میں مفت روٹی کے حصول کیلئے لمبی قطاریں لگنا شروع ہوگئیں، دارالحکومت کابل میں خون جمادینے والی سردی کے دوران خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد کو مفت روٹی کیلئے قطار میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ مہاجرہ نامی خاتون کو روزانہ صبح صادق کے وقت نقطہ انجماد سے گرجانے والے درجہ حرارت کے دوران کابل کی ایک بیکری کے باہر گرم نان لینے کیلئے لمبی قطار میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ بسا اوقات ان کے تمام گھر والے دیگر لوگوں کیساتھ قطار میں کھڑے ہوتے ہیں جس کے بعد انہیں کھانے کیلئے روٹی میسر آتی ہے۔ دو بچوں کی ماں مہاجرہ امان اللہ نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ اگر میں یہاں سے روٹی نہ لے کر جائوں تو ہمیں بھوکا سونے پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حالات اس نہج پر پہنچ گئے تھے کہ میں نے اپنی بچیوں کو بچنے کا بھی سوچا تھا لیکن پھر میں اپنے اس فیصلے سے پیچھے ہٹ گئیں اور صرف خدا پر بھروسہ کرتی ہوں۔ افغانستان سنگین انسانی بحران کا شکار ہے اور طالبان کی جانب سے اگست میں اقتدار سنبھالے جانے کے بعد سے مغربی ممالک نے کابل کی عالمی امداد معطل کردی ہے اور اس کے بیرون ملک اثاثے منجمد کردیے ہیں ۔

دنیا بھر سے سے مزید