اسلام آباد(ایجنسیاں)پنجاب حکومت نے 15مئی کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کردیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے صوبے کے 5 شہروں لاہور، راولپنڈی ،فیصل آباد، گوجرانوالا اور ملتان میں اربوں روپے کے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پانچوں شہروں کے ممکنہ میئرز کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں ۔
ادھرعمران خان نے کہا ہے کہ سرخ فیتہ ہمارے ملک میں بہت بڑا مسئلہ ہے، ماضی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک نیچے آیا‘حکومت اسمال اینڈ میڈیم سیکٹر کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے‘ چھوٹے کاروبار کیلئے قرضے دیئے جا رہے ہیں‘ کاروبار میں رکاوٹیں ڈالنے والے محکموں اور افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی‘ مانتا ہوں کہ مشکل وقت ہے لیکن تین سال ہم نے بہت محنت کی ہے جس کے اثرات اب سامنے آ رہے ہیں، آنے والا وقت ہماری پالیسیوں کے ثمرات لے کر آئے گا‘ برآمدات اس وقت ریکارڈ سطح پر ہیں‘ ریکارڈ ٹیکس کلیکشن ہوئی ہے، ریکارڈ ترسیلات زر ہیں، چار اہم فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے.
مہنگائی کی لہر ساری دنیا میں آئی ہے‘8ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع کریں گے‘پوری دنیا میں کورونا کی ایک اور لہر آ رہی ہے تاہم حکومت معیشت، کاروبار کو بند نہیں کرے گی ۔
بدھ کو یہاں نیشنل اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) پالیسی 2020-21ء کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں میں جنون ہوتا ہے جو زیادہ عمر کے لوگوں میں نہیں ہوتا‘نوجوانوں کو سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔
ایک وقت تھا کہ پاکستان خطہ میں تیزی سے آگے بڑھتا ہوا ملک تھا لیکن پھر ہم اپنا راستہ کھو بیٹھے اور غلط فیصلے کئے جس کے نتیجہ میں ہم زوال کا شکار ہو گئے،بیورو کریسی میں میرٹ کا خاتمہ ہو گیا اور وہ افسران جو پہلے سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دیتے تھے وہ رکاوٹیں ڈالنے لگ گئے۔
روپے پر پریشر اور دنیا میں کوویڈ کی صورتحال کے باعث مہنگائی ہوئی ہے لیکن موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی ریکارڈ فروخت بھی ہوئی ہے، پاکستان میں موبائل فون بننے شروع ہو گئے ہیں۔
مزیدبرآں وزیراعظم کی زیر صدارت شہروں کی ماسٹر پلاننگ سے متعلق اجلاس ہوا
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جن شہروں کیلئے فنڈز جاری ہوں گے ان میں لاہور، راولپنڈی ،فیصل آباد، گوجرانوالا اور ملتان شامل ہیں جبکہ وزیراعظم نے پانچوں شہروں کے ممکنہ میئرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات 15 مئی سے شروع ہو رہے ہیں جن کا سلسلہ مئی سے جون تک جاری رہے گا۔
پی ٹی آئی مربوط پلان سے بلدیاتی انتخابات میں اترے گی اور پنجاب حکومت 5 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی منصوبہ بندی کرے گی۔ وفاقی حکومت فنڈز کے اجرا میں پنجاب حکومت سے تعاون کرے گی۔