• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کے سر پر ہاتھ ہے، تردید کا کہا گیا، نہیں کررہا، شیخ رشید


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ پاکستان کے آئین و قانون کے تحت معاملات طے کرنا چاہتے ہیں.

ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہر کوئی تسلیم کرتا ہے کہ رانا شمیم کا بیان سچ ہے، عدالت میں سماعت اس بات کی صداقت پر نہیں ہورہی بلکہ اس طرح بات کرنے پر ہورہی ہے.

میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، پاکستان کے بڑے شہروں میں دہشتگردی کے واقعات رپورٹ ہورہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے عمران خان کے سرپر ہاتھ والے بیان کی تردید کا کہا گیا مگر میں تردید نہیں کررہا، لاہور دھماکا کس نے کیا اس بار ے میں کوئی حتمی معلومات نہیں ہے، اسلام آباد حملے کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی ہے.

اسلام آباد میں مارے جانے والے دہشتگردوں کے پانچ چھ ساتھیوں تک پہنچ گئے ہیں، طالبان کی کوشش ہے ٹی ٹی پی اور موجودہ حکومت میں معاملات طے پاجائیں، طالبان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہوگی.

کالعدم ٹی ٹی پی کے مطالبات کو آسانی سے قبول نہیں کیا جاسکتا، جو پاکستانی کی بالادستی قبول کر کے پاکستان آنا چاہتا ہے شوق سے آجائے، پاکستان کے آئین و قانون سے متصادم شرائط رکھنے والوں کیلئے مشکلات ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیز فائر کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے خود ختم کیا،حکومت نے سیز فائر بحال کرنے کیلئے کوئی تگ و دو نہیں کیا، مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں وہ آنا چاہیں تو آجائیں، قبائل اور دیہاتوں میں جرگے ہورہے ہیں لیکن معاہدہ کی شکل نہیں آسکی ہے، طالبان ٹی ٹی پی کیخلاف نہیں جارہے لیکن ان کی سپورٹ بھی نہیں کررہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے طالبان کیلئے اپنے سر طالبان خان کا الزام لیا، ڈرون حملوں کی جیسی مخالفت عمران خا ن نے کی کسی اور نے نہیں کی، بطور وزیرداخلہ صرف ٹی ٹی پی ہی نہیں دیگر آرگنائزیشنز کو بھی دیکھ رہا ہوں، شام اور بیروت سمیت دیگر جگہوں پر بھی ہمارے بہت لوگ موجود ہیں، پاکستان اپنی بھرپور قوت کے ساتھ دہشتگردی کا مقابلہ کرے گا،ٹی ٹی پی کے ساتھ پاکستان کے آئین و قانون کے تحت معاملات طے کرنا چاہتے ہیں، طالبان ٹی ٹی پی کو پاکستان کے ساتھ معاملات طے کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہے، یہ نواز شریف مائنس فور خاندان ہے، ن لیگ کے لوگ کسی سے ملیں نہ ملیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم نے جب سیاست کی تو دس دس سال میر خلیل الرحمٰن اور شورش ملک کے پاس بیٹھے رہتے تھے تو ایک سنگل خبر لگتی تھی، آج لائیو کوریج کے دور میں جلسے جلوس کرنا آسان ہے،عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں اتنی نکمی اپوزیشن ملی ہے، اگر ہم واضح شواہد کے باوجود ان کا کچھ نہیں کرسکے تو یہ ہمارا کیا بگاڑ سکتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید