اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) اسلام آ باد ہائیکورٹ نے سانحہ مری پر تحقیقات کیلئے دائر درخواست نمٹا تے ہوئے حکم دیا کہ این ڈی ایم اے قانون پر مکمل عملدرآمد کرے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو درخواست آ گئی تو پتا چلا کہ اس قانون پرعمل ہی نہیں ہورہا، اگر دوبارہ کوئی ڈیزاسٹر ہوگیا تو کمیشن کے سب ممبران ذمہ دارہونگے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ افسروں کوعہدوں سے ہٹانا کافی نہیں، ایکشن ہونا چاہیے۔ جمعہ کے روز سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل قاسم ودود جبکہ درخواست گزار مری کے رہائشی حماد عباسی کی جانب سےدانش اشراق عباسی ایڈوکیٹ،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے ممبر پلاننگ ادریس محسود عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ مری کی صورتحال ٹھیک کرنا وزیراعلیٰ پنجاب اور این ڈی ایم اے کی ذمہ داری ہے ، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے کے قانون پر مکمل عملدرآمد کیا جائے ، فیصلے میں مشاہدہ کرینگے کچھ ہوا تو ذمہ دار نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن ہو گا۔