• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نمبرز پورے ہونگے تو ن لیگ عدم اعتماد کی طرف جائے گی، رانا ثناء


کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ن لیگ تحریک عدم اعتماد کے خلاف نہیں ہے، نمبرز پورے ہوں گے تو ن لیگ عدم اعتماد کی طرف جائے گی، ان ہاؤس تبدیلی کے بعد فوراً الیکشن کی طرف نہیں جاسکتے کچھ امور طے کرنا لازمی ہوں گے، حکومت لانگ مارچ سے متعلق بات کرنا چاہتی ہے تو پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی قیادت سے بات کرے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ ،دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان حسان خاور سے بھی گفتگو کی گئی۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد پر متفق ہوجائیں تو قیادت وقت کا فیصلہ کرے گی،ہمارا موقف ہے اسی اسمبلی سے نئی حکومت تشکیل دی جائے، نئی حکومت منصفانہ انتخابات کیلئے قانون سازی کرے جس کے فوراً بعد نئے انتخابات کروائے جائیں۔نعیم خالد لودھی نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں حالیہ اضافہ تشویشناک ہے، پاکستان کی قیادت کا رویہ دفاعی رہا اور برداشت کرتے رہے تو بہت مہنگا پڑے گا، بھارت کے حوالے سے کیوں معذرت خواہانہ رویہ ہے۔حسان خاور نے کہا کہ پاکستانی قوم کورونا کی کئی لہروں کا کامیابی سے مقابلہ کرچکی ہے اس دفعہ بھی کووڈ 19کو شکست دیں گے، اسپتالوں میں آکسیجن کا اسٹاک اور بستروں کی تسلی بخش تعداد موجود ہے۔ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بعض دفعہ میڈیا کو اور بعض دفعہ ہمیں خبر کی ضرورت ہوتی ہے، حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی تیاری مکمل ہے ،لیکن یہ اسی طرح ہے کہ میں شادی کیلئے تیار ہوں دوسری طرف سے قبولیت نہیں ہے، یوسف رضا گیلانی کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے بیس بائیس لوگ ساتھ تھے دس بارہ لوگوں نے ہمارے حق میں ووٹ دیا، حکومتی اتحادی الگ نہیں ہوتے یا پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں سے ہم ٹکٹ کا وعدہ نہیں کرتے اس وقت بس بھرپور تیاری ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہوجائیں تو عدم اعتماد میں ایک لمحہ کی تاخیر نہیں کی جائے گی، یہ بات غلط ہے کہ ن لیگ تحریک عدم اعتماد کے خلاف ہے، ن لیگ سے بھیانک سیاسی انتقام لیا جارہا ہے ہم عدم اعتماد سے کیسے پیچھے رہ سکتے ہیں، ان ہاؤس تبدیلی کے بعد فوراً الیکشن کی طرف نہیں جاسکتے کچھ امور طے کرنا لازمی ہوں گے، یہ تاثر درست نہیں کہ عدم اعتماد ہمارا آپشن نہیں ہے، نمبرز پورے ہوں گے تو ن لیگ بالکل عدم اعتماد کیلئے جائے گی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی قیادت سے بات کرے،حکومت وفد بھیجے، بات کرے اپوزیشن نے بات کرنے سے کبھی انکار نہیں کیا۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سینیٹ میں اپوزیشن کی فتح سے ہی تحریک عدم اعتماد کو بہترآپشن سمجھتی ہے، میڈیا کے ذریعہ سنا ہے ن لیگ اور جے یو آئی بھی عدم اعتماد پر راضی ہوگئی ہیں، پیپلز پارٹی کہتی ہے گزرے ہوئے کل میں ان ہاؤس تبدیلی ہوجانی چاہئے، اپوزیشن جماعتیں عدم اعتماد پر متفق ہوجائیں تو قیادت وقت کا فیصلہ کرے گی۔

اہم خبریں سے مزید