کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نےکہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے حالیہ دورۂ سندھ کے موقع پر 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی خطرناک کوشش کی گئی، تاہم سندھ حکومت نے صبر و تحمل سے کام لیا اور کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔اگر حکومت کے ذہن میں کوئی شرارت ہوتی تو گرفتاریاں بھی کی جا سکتی تھیں اور سخت کارروائی بھی ممکن تھی، مگر دانستہ طور پر تحمل کا راستہ اختیار کیا گیا،پی ٹی آئی کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، صحافیوں بالخصوص خاتون صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ،پی ٹی آئی کی سیاست انتشار پر مبنی ہے، جس کی وجہ سے ہمارا اور پورے پاکستان کا ان سے اختلاف ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نےخیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے حالیہ دورۂ سندھ سے متعلق کہا کہ جیسے ہی ان کی آمد کی اطلاع ملی، سندھ حکومت نے ان سے رابطہ کیا اور مکمل سکیورٹی اور سہولیات کی یقین دہانی کرائی۔