کراچی (اسد ابن حسن)جرائم پیشہ افراد کی تصاویر کے ساتھ فہرستیں تیار، 154خواتین کی پنک ، 248مرد ملزمان کی بلیو بک۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کراچی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس انویسٹی گیشن اسد رضا نے اپنے ضلع میں 2023 اور 2024 میں ہونے والے بڑے جرائم میں ملوث خواتین اور مرد ملزمان کی فہرست تیار کر لی ہے۔ خواتین ملزمان کے حوالے سے پنک بک اور مرد ملزمان کے حوالے سے بلیو بک تیار کی گئی ہے۔ دونوں بکس میں ملزمان کی تصویریں بھی شائع کی گئی ہیں اور ساتھ ہی مقدمے کے نمبر بھی تحریر کیے گئے ہیں۔ کچھ ملزمان گرفتار ہوئے تھے مگر بعد میں ضمانتوں کے بعد روپوش ہو گئے۔ خواتین کی پنک بک میں ملزمان کی تعداد 154ہے اور یہ سب گھریلو ملازمہ تھیں۔ یہ تمام خواتین ضلع ساؤتھ کے پوش علاقے جن میں ڈیفنس، کلفٹن، سریار درخشاں، بوٹ بیسن، گزری، ساحل اور آٹلری میدان کے تھانوں کی حدود شامل ہیں جہاں انہوں نے گھروں میں وارداتیں کیں۔