ریاض(شاہد نعیم)عرب اتحاد نے ایک کارروائی میں حوثیوں کی جانب سے فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل کو ناکام بنادیا ، دوسری جانب عرب اتحاد نےیمن میں کسی بھی حراستی مرکز کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے،یمن میں حکومت کی رِٹ بحال کرنے کے لیے قائم عرب اتحاد کی افواج نے یمن کے شہر صعدہ میں کسی بھی قسم کے حراستی مرکز کو نشانہ بنانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ایسی میڈیا رپورٹس کو جھوٹ قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں سرگرم عرب اتحاد نے کہا ہے کہ خمیس مشیط شہر کو نشانہ بنانے کی کوشش پر ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنادیا گیا- ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی میزائل کو تباہ کر دیا گیا، عرب اتحاد نے توجہ دلائی کہ بیلسٹک میزائل صعدہ ایئر پورٹ سے داغا گیا تھا- حوثیوں نے حملے کے لیے سول ادارہ استعمال کیا- عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل اور ڈرونز حملوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل عسکری آپریشن ضروری ہیں- ادھر عرب اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمنی دارالحکومت میں جائز فوجی اہداف پر فیصلہ کن حملے کیے گئے۔ عرب اتحاد نے کہا کہ فوجی کارروائی خطرے کا جواب ہے اور دشمن کے حملوں کے خطرے کو بے اثر کر دیا ہے۔