اسلام آباد، راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار،سٹاف رپورٹر) اسلام آباد پولیس نے تھانہ نون کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن 8مشکو ک افراد کو جانچ پڑتال کیلئے تھانہ منتقل کیا گیا۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی سرچ آپریشنز کئے گئے۔ آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کی ہدایت پرتھانہ نون کے علاقے شمس ٹاؤن،ڈھوک ملیار، بھڈانہ لنک روڈ جھنگی سیداں اور گردونواح میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس میں ایس پی انڈسٹریل ایریا سعود خان کی زیرنگرانی افسران و جوانوں نے حصہ لیا،سرچ آپریشن کے دوران 8مشکوک افراد کو ویریفکیشن کے لئے تھانہ منتقل کیا گیا، سرچ آپریشن کے دورا ن ایک ملزم سے اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا گیا،ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے،سرچ آپریشن کے دوران 120گھروں، 55 دوکانوں، 225 افرادکوچیک کیا گیا،آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے کہا کہ سرچ آپریشن کا مقصد کریمینلز کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہے، سرچ آپریشن ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں کئے جائیں گے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ دریں اثناء راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کئے گئے ، تھانہ بنی کے علاقہ پھگواڑی اور گردونواح میں، تھانہ پیر ودہائی کے علاقے بنگش کالونی ، گردونواح اورتھانہ صادق آباد کے علاقہ فوجی کالونی اور گردنواح میں گزشتہ روز پولیس نے سرچ آپریشنز کیے ،سرچ آپریشنز میں متعلقہ ایس ایچ اوز سمیت، ضلعی پولیس، لیڈی پولیس، ایلیٹ فورس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی، سرچ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 200گھروں اور 300افراد کے کوائف کو چیک کیا گیا۔