کوئٹہ ( آن لائن ) بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ،جسٹس نعیم اختر افغان سے کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے ان کے آفس میں ملاقات کی، جسٹس نعیم اختر افغان کا دونوں ممالک کے عدالتی نظام کے درمیان رابطے بڑھانے پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران قونصل جنرل حسن درویش وند نے صوبہ سیستان و بلوچستان اور صوبہ بلوچستان میں پائی جانے والے وسیع مواقع، دونوں ممالک کے درمیان وسیع مشترکات، تاریخی تعلقات اور اسکی مضبوطی میں عدلیہ کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے قونصلیٹ جنرل کے ساتھ ماضی میں عدلیہ کے تعاون کو سراہا اور دوجانب روابط کی مضبوطی پر زور دیا۔جسٹس نعیم اختر افغان نے بھی دونوں دوست اور برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عدالتی نظام کے درمیان رابطے بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے چند سال قبل دورہ ایران کا ذکر کیا اور اسلام سے ماخوذ ایران کی عدالتی نظام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دونوں عدالتی نظاموں کو زیادہ سے زیادہ ایک دوسرے کی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے دوطرفہ اعلی عدالتی حکام کے دوروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان دوروں کو مرکز سے صوبوں تک پھیلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس سلسلے میں اقدامات اٹھانے کیلئے تیار ہیں۔