• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن میں مزید اضافہ، قانون کی حکمرانی اور ریاستی گرفت نہیں، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل انڈکس میں مسلسل تیسرے سال تنزلی، 16 درجے گر کر 124 سے 140 پر آگیا

کرپشن میں مزید اضافہ


اسلام آباد(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں مزید اضافہ ہوگیا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے جاری کردہ کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی) برائے سال 2021میں پاکستان 180 ممالک میں 140 ویں درجے پر آگیا جبکہ گزشتہ برس پاکستان سی پی آئی رینکنگ میں 124ویں نمبر پر تھا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے سی پی آئی 2021ء میں انکشاف کیاہے کہ ʼقانون کی حکمرانی اور ریاستی گرفت کی عدم موجودگی سے پاکستان کے سی پی آئی اسکور میں 16درجے کی نمایاں تنزلی ہوئی۔

خیال رہے تحریک انصاف کی حکومت میں پاکستان کے اسکور میں ہر سال کمی آرہی ہے، سال 2019 میں یہ 120ویں، سال 2020 میں 124ویں اور سال 2021 میں مزید گر کر 140 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات لیے ہیں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کرپشن کرنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے ملک سے باہر ہیں اور مقدمات میں غیر ضروری التوا کے بہانے بنا رہے ہیں‘ کرپشن کے زیرالتواکیس جلد نمٹانے کیلئےعدالتوں میں مؤثرپیروی کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ یہ عادل گیلانی کی رپورٹ ہے جن کو نوازشریف نے سربیامیں سفیر مقررکیاتھا ۔ اسے آپ شریف خاندان کی لکھی رپورٹ سمجھیں ۔

دریں اثناءوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں پاکستان کا اسکور مالی کرپشن کی وجہ سے نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے گرا، ہمیں ملک میں رول آف لاء پر کام کرنے کی ضرورت ہے‘مکمل رپورٹ سامنے آنے پرمکمل جواب دیں گے ۔منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی مکمل رپورٹ ابھی شائع نہیں ہوئی، اس میں فنانشل کرپشن کا ذکر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں اور این جی اوز کی رپورٹس کی بنیاد پر یہ رپورٹ بنائی گئی ہے، تمام اداروں نے پاکستان کی رینکنگ کو برقرار رکھا، صرف اکانومسٹ انٹیلی جنس کنٹری یونٹ نے درجہ بندی گرائی ہے، چیک کرلیں اس کا پاکستان میں سربراہ کون ہے، تو آپ کو پتہ چل جائے گا کہ کیوں گرایا گیا ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی مکمل رپورٹ سامنے آئی تو اس پر ہم مکمل جواب بھی دیں گے۔ اس وقت تک رول آف لاء اور اسٹیٹ کیپچر کا معاملہ ہے، اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق کرپشن پرسیپشن انڈیکس میں پاکستان سمیت کْل 23 ممالک نیچے گئے ،25 ممالک بہتری کی طرف آئے،انڈیکس میں 131 ممالک نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے‘انڈیکس میں ڈنمارک، فن لینڈ اور نیوزی لینڈ سب سے بہتر ممالک ہیں، جن کا 180 ممالک کی فہرست میں سب سے بہتر 88 اسکور ہے۔

بہترین ممالک میں ناروے، سنگا پور اور سوئیڈن 85 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر، سوئٹزر لینڈ 84 اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پبلک سیکٹر کرپشن میں بھارت کا اسکور 40 جبکہ پاکستان کا 28 ہے۔پبلک سیکٹر کرپشن میں بھارت، مالدیپ، کوسوو اور مصر سمیت کئی ممالک پاکستان سے بہتر پوزیشن پر ہیں، پاکستان کے علاوہ میانمار کا بھی پبلک سیکٹر کرپشن اسکور 28 ہے۔

علاوہ ازیں معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ٹرانسپیریسی انٹرنیشنل اس وقت اچھی رپورٹ دے رہا تھا جب شہباز شریف کا چپڑاسی مقصود9ہزارروپے تنخواہ ہونے کے باوجود اکائونٹ میں 4 ارب جمع کررہا تھا ۔ 

اہم خبریں سے مزید