• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں بیکنگ یونٹ سیل‘20سے زائد مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوئٹہ اور مختلف اضلاع میں ناقص خوراک کی پروڈکشن و فروخت کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران ایک بیکنگ یونٹ سیل جبکہ 20 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔ بی ایف اے (ہیڈ کوارٹر) کی تین الگ الگ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے منگل کوہزار گنجی ، جتک اسٹاپ ، سریاب روڈ ، ائیرپورٹ روڈ اور سمنگلی روڈ میں قائم اشیاء خوردونوش کے مراکز چیک کئے ، دوران معائنہ ہزار گنجی میں ناقص پروڈکشن ، صفائی و اسٹوریج کی خراب صورتحال اور زنگ آلود مشینری پر ایک بیکنگ پلانٹ کو سیل کر دیا گیا ، ایس او پیز کی خلاف ورزی و مختلف وجوہات پر ایک بیکنگ یونٹ جبکہ پکوان میں ناقص اجزاء و مضر صحت فوڈ کلرز کے استعمال و کچن میں گندگی پر 3 ہوٹلوں رحمان ہوٹل ، فاروق ہوٹل اور علی پیلس ہوٹل پر جرمانے عائد کئے گئے ۔جتک اسٹاپ میں بھی 3 بیکنگ یونٹس کے خلاف آلودہ بیکنگ ایریا ، پروڈکشن میں زائد المیعاد فوڈ کلرز و پابندی عائد ناقص خوردنی تیل کے استعمال اور ایک ہولسیل ٹریڈر کے خلاف غیر معیاری و ممنوعہ خوردنی مصنوعات برآمد ہونے پر کارروائی کی گئی۔ ائیرپورٹ روڈ اور سمنگلی روڈ میں موجود مراکز کے معائنہ پر معروف دالان بیکری کے ورکرز ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے ، بیکری میں صفائی کے انتظامات ناکافی جبکہ تیار اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ بھی موجود نہیں تھیں ، پورٹوس ڈونٹس (بیکنگ یونٹ) کو ایس او پیز کی خلاف ورزی ، لالاز فوڈ کو استعمال شدہ کوکنگ آئل و نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال اور زائد المیعاد مصنوعات کی موجودگی ، پیسٹریا بیکری (بیکنگ پلانٹ) کو بھی ایکسپائرڈ بیکنگ آئٹمز رکھنے و ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے جبکہ نیو مستونگ کیک فیکٹری کو بیکنگ ایریا میں انتہائی گندگی و اسٹوریج کے ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیموں نے متفرق اشیاء خوردونوش کے مراکز کی چیکنگ کرتے ہوئے مستونگ میں زائدالمیعاد کولڈڈرنکس کی فروخت و ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 4 ہوٹلوں پر جرمانے عائد کردئیے۔
کوئٹہ سے مزید