• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈورڈز کالج میں ایرانی دستکاری و مقامات کی تصویری نمائش

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خانہ فرہنگ ایران نے ایڈورڈز کالج پشاور میں ایرانی دستکاری اور سیاحتی پرکشش مقامات کی تصاویر پر مبنی نمائش کا اہتمام کیا جس کا افتتاح ایران سفارتخانے کے قونصل جنرل حمید رضا قمی اور ایڈورڈ کالج کے پرنسپل ایم ایس ذکی نے کی، اس موقع پر خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹرجنرل مہران اسکندریان اور کالج کے اساتذہ وطلباء بھی موجودتھے۔ خانہ فرہنگ کے ڈائریکٹر جنرل مہران اسکندریان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے نوجوان نسل کی سوشل میڈیا کے ساتھ وابستگی نے انہیں اپنی شناخت اور تاریخ کو جاننے سے دور کردیا ہے، اور انہیں روزمرہ زندگی میں مختلف مسائل سے دوچار کردیا ہے لہٰذا ایسی نمائشوں کا انعقاد واقفیت کو فروغ دینے، نوجوانوں کی فن و تہذیب میں دلچسپی بڑھانے اور معاشرہ میں اپنی شاندار ثقافت، فن اور تہذیب کے تحفظ کا باعث بن سکتا ہے۔ پشاور میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کے سربراہ نے خانہ فرہنگ کی جانب سے مختلف ثقافتی اور علمی پروگراموں میں شرکت کے لئے آمادگی کا اعلان کرتے ہوئےامیدظاہر کی کہ مستقبل قریب میں باہمی تعاون کے ذریعے دونوں دوست اور پڑوسی ممالک کی ثقافت اور فن کو متعارف کرانے کے لئے مشترکہ نمائشوں کے انعقاد کو فروغ ملے گا۔ ایڈورڈز کالج کے پرنسپل ایم ایس ذکی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایڈورڈز کالج میں پڑوسی ملک کے مہمانوں کی موجودگی اس کالج کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے مشترکہ تہذیب و ثقافت کی ایک طویل تاریخ رکھنے والے ایسے ملک کا وجود پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔
پشاور سے مزید