لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور پریس کلب کے کونسل ممبرو کرائم رپورٹر حسنین شاہ آہوں سسکیوں میں سپردِ خاک،نماز جنازہ لاہور پریس کلب کے سامنے ادا کی گئی نماز جنازہ میں صحافیوں، حکومتی، سیاسی و سماجی شخصیات،پولیس افسران سمیت ہر طبقہ فکر نے شرکت کی، قاتلوں کی فوری گرفتاری کیلئے صحافی برادری سراپا احتجاج بن گئی، حسنین شاہ کی نماز جنازہ لاہور پریس کلب کے سامنے ادا کی گئی جس میں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور، کنسلٹنٹ حکومت پنجاب فرخ شاہ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد اور حکومتی، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے اسے صحافی برادری کے لئے سانحہ عظیم قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ واقعہ کھلا چیلنج ہے کہ سرعام دن دہاڑے لاہور پریس کلب کے سامنے دہشت گرد آئے اپنی کارروائی کی اور بغیر کسی رکاوٹ و ہچکچاہٹ کے موقع واردات سے فرار ہوگئے، کوئی بھی کچھ نہ کرسکا، صحافی برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حسنین شاہ کے قاتلوں کو فی الفورگرفتارکرکے عبرت ناک سزادی جائے ۔