• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرعی ملک میں یوریا کھاد کی عدم دستیابی حکومتی ناکامی‘ انجینئر عثمان

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے یوریا کھاد کی غیر قانونی اسمگلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نا اہلی اور بد انتظامی کی وجہ سے یوریا کھاد مارکیٹ میں دستیاب نہیں جس کی وجہ سے کسانوں اور زمینداروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک زرعی ملک میں یوریا کھاد کی عدم دستیابی اور قلت سمجھ سے بالاتر اور زمینداروں کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ بلوچستان میں ساٹھ فیصد آبادی زراعت کے شعبے سے منسلک ہے۔ یوریا کھاد کی عدم دستیابی کی وجہ سے اگر تیار فصلوں کو نقصان پہنچا تو اس کے انتہائی منفی اثرات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی مصنوعی قلت اور غیر قانونی اسمگلنگ کی وجہ سے کسان اور زمیندار طبقہ بے چینی کا شکار ہے اور حکومت سے کھاد کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر یوریا کھاد کی فوری دستیابی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو کسانوں اور زمینداروں کے ساتھ مل کر احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
کوئٹہ سے مزید