• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان بھر میں اسٹریٹ کرائم معمول بن گئے، این ڈی پی

کوئٹہ(آن لائن)نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی ترجمان نے پنجگور میں بد امنی، قتل و غارت گری اور امن امان کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پورے بلوچستان میں چوری، قتل و غارت گری، جبری گمشدگی، اسٹریٹ کرائم جیسے واقعات کا رونما ہونا روز کا معمول بن چکا ہے لیکن اسوقت پنجگور میں اس قسم کے واقعات دن بدن شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ دن دہاڑے لوگوں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کرنا،اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہونا امن امان بحال کرنے والے اداروں، صوبائی حکومت سمیت ضلعی انتظامیہ کی غیر مطمئن کن کارکردگی اور ان کی نااہلی کو عیاں کر رہی ہے۔ترجمان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 25جنوری کو نا معلوم افراد نےنواز علی کو قتل کر کے سمیر بلوچ اور ضمیر بلوچ کو اغوا کر لیا ۔ جن کی لاشیں اگلے روز ملیں۔ اس طرح کے واقعات معمول کے ساتھ ہو رہے ہیں جنکے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کچھ دن قبل بھی مسلح گروہ ایک شخص کو اغوا کر کے لے گیا تھا جس پر پنجگور کی عوام اپنی مدد آپ کے تحت اغوا کاروں کے خلاف کاروائی کرکے مغوی شخص کو بازیاب کرایا گیا اور اغوا کار قتل کئے گئے۔۔اس وقت پنجگور سمیت پورے بلوچستان میں اغوا کاری، قتل و غارت گری، چوری ڈکیتی سمیت اسٹریٹ کرائم جیسے واقعات میں اکثر وہ لوگ ملوث پائے جاتے ہیں جن کی پشت پر ریاستی اداروں کی سرپرستی کے شوائد ملتے آ رہے ہیں۔ ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ بلوچستان کو ایک کالونی کے طور پر چلایا جا رہا ہے۔ حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بلوچستان کے باسی کس خوف کے سائے تلے جی رہے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید