• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ اور پی پی نے اپنے اراکین کو سینیٹ سے غیر حاضر رکھنے کی پوری کوشش کی، شہباز گل

لاہور(ایجنسیاں)وزیر اعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ حکومت نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل سینیٹ سے منظور کر والیا۔

جمعہ کو اپنےبیان میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنے اراکین کو سینیٹ سے غیر حاضر رکھنے کی پوری کوشش کی‘ اگر اپوزیشن بل کی منظوری کو روکنے میں سنجیدہ ہوتی تو یقیناً آج ان کے تمام ارکان کو سینیٹ میں موجود ہونا پڑتا۔

انہوں نے ایوان بالا سے بل کی آسانی سے منظوری پر اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناءوزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سینیٹ میں ایک بار پھر شکست اپوزیشن کا مقدر بنی، اکثریت کے باوجود اپوزیشن بل روکنے میں ناکام رہی، جو اپوزیشن قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے کا خواب دیکھ رہی تھی، اپوزیشن کا یہ خواب اس ایوان میں بھی پورا نہیں ہوا جہاں انہیں نام نہاد اکثریت حاصل تھی‘ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری میں ان ڈائریکٹ ساتھ دینے پریوسف گیلانی اورپیپلزپارٹی کے شکر گزار ہیں‘.

ن لیگ میں لیڈر شپ کی لڑائی ہے، مولانا فضل الرحمان ریلو کٹے ہیں، کبھی وہ پیپلز پارٹی اور کبھی ن لیگ کے ساتھ ہوتے ہیں‘وہ حلوہ اور اپنا منجن فروخت کرنے کے چکر میں ہیں‘ثابت ہو گیا کہ عمران خان کے آگے یہ سیاسی پارٹیاں ڈھیر ہو چکی ہیں، نواز شریف آ نہیں رہے، انہیں لایا جا رہا ہے، شاہد خاقان عباسی اور کچھ دوست نواز شریف کے خلاف عدم اعتماد لانے کا ارادہ رکھتے ہیں‘نئے شہر بسانا حکومت کا حق ہے.

پارلیمنٹ کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس اور ایگزیکٹو کا اختیار ایگزیکٹو کے پاس رہنا چاہیے‘پنجاب حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سینیٹ سے بل کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی شرائط پوری ہو گئی ہیں‘ میڈیا اپوزیشن کو لفٹ نہ کروائے تو ان کے پاس کوئی اسکیم موجود نہیں جس پر وہ سیاست کر سکے۔آج کی شکست نے اپوزیشن کے سیاسی ناکارہ پن پر مہر لگا دی ہے، اس بری شکست کے بعد اپوزیشن کچھ دن تک سکون میں ہوگی۔ اپوزیشن بھان متی کا کنبہ ہے۔کہیں یہ آپس میں لڑ کر ایک دوسرے کے کپڑے نہ پھاڑ لیں۔

فوادچوہدری کا کہناتھاکہ یوسف رضا گیلانی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے غیر حاضر رہ کر بل کی منظوری میں حکومت کا ان ڈائریکٹ ساتھ دیا ہے اور ظاہر ہے کہ اس پر پیپلز پارٹی کا بھی شکریہ ادا کرنا بنتا ہے کہ انہوںنے ملک کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید