• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کو پی پی نے معاہدہ کر کے ماموں بنادیا،ایم کیو ایم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن کو پی پی نے بلدیاتی قانون کے حوالے سے معاہدہ کر کے ماموں بنادیا ہے، رات کے اندھیرے میں جماعت اسلامی نے جس طرح پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت کے ساتھ معاہدہ کر کے اپنا دھرنا ختم کر دیا یہ بات با شعور عوام کیلئے باعث تشویش بھی ہے اور حیرت بھی ہے کہ آخر راتوں رات ایسا کیا ہو گیا کہ چند دن پہلے جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سمیت عوام کے سامنے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس کالے بلدیاتی قانون کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہیں اور جب تک پیپلز پارٹی اس کالے بلدیاتی قانون کو مسترد نہیں کرتی ہم دھرنا ختم نہیں کریں گے، اس ڈیل سے بخوبی عوام کو اندازہ ہو گیا ہے کہ جماعت اسلامی والوں کے دل میں کتنی اس شہر سے ہمدردی ہے،ان خیالات کا اظہار رکن رابطہ کمیٹی و ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ اظہارالحسن نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سختی کے ساتھ اس راتوں رات پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو مسترد کرتی ہے اور شہری سندھ کے عوام کے حقوق اور اس کی ترجمانی کیلئے احتجاج کرتی رہے گی۔ جماعت اسلامی نے راتوں رات پیپلز پارٹی کے ساتھ جو کچھ بلدیاتی قوانین میں اپنی شقیں تبدیل کرائیں ہیں دراصل وہ اپنے حصے کی بوٹی لینے کیلئے بکرا کاٹ دیا ہے۔اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی محمد حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت نے سندھ کے شہری عوام کے ساتھ ظلم و بربریت کا بازار گرم کر کے رکھ دیا ہے تعلیمی ادارے ہوں یا سرکاری ادارے بغیر رشوت کے کوئی کام نہیں ہو رہا ہے، اندرون سندھ سے نان ٹیکنکل افراد بلا کر سیٹوں میں براجمان کر رہے ہیں اور اپنے حصے کا کمیشن بنانے میں مشغول ہیں۔اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی جاوید حنیف نے کہا کہ ہم اس لولی لنگڑی پیپلز پارٹی کی متعصب سندھ حکومت کو نہیں مانتے ایسی با اختیار حکومت ہونی چاہیے جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں اگر ہمیں حقوق صحیح طور پر نہیں مل سکے تو ہم اپنے حقوق چھیننا بھی جانتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید