پشاور(جنگ نیوز) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام میں مزید بہتری لانے اور تجاوزات مافیا کیخلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز چارسدہ روڈ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ڈی ایس پی چارسدہ روڈ اصلاح الدین اور دیگر ٹریفک افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک کی روانی اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے نتیجے میں آنیوالی بہتری کا جائزہ لیا جبکہ چارسدہ روڈ پر تجاوزات کے باعث ٹریفک نظام میں خلل آنے پر ٹریفک حکام کی سرزنش کردی اور ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اس سلسلے میں تاجر برادری سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کی خوبصوررتی کو یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کرنے کے بعد چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ تجاوزات مافیا دوبارہ اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنا نا قابل برداشت ہے کیونکہ اس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوتا ہے۔