اسلام آباد(نمائندہ جنگ)نامزد چیف جسٹس آف پاکستان ،مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال کی تقریب حلف برادری کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں ،صدرعارف علوی نامزد چیف جسٹس سپریم کورٹ ،جسٹس عمر عطا بندیال سے 2فروری کو حلف لیں گے۔
وزارت قانون کی پریس ریلیز کے مطابق ہفتہ کے روز ڈپٹی سیکرٹری وزارت قانون /فوکل پرسن محمد عمر عزیزنے ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیاجبکہ اس موقع پر سپریم کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار امحمد اویس اور پروٹوکول افسر طاہر رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
یاد رہے کہ صدررمملکت عارف علوی نامزد چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے 2 فروری کو ایوان صدر میں حلف لیں گے، تقریب کے ماسٹر آف سیریمنی، سیکرٹری وزارت قانون راجہ نعیم اکبرہوں گے۔
یہ بھی یاد رہے کہ اس تقریب میں وزیر اعظم پاکستان ،سپریم کورٹ کے موجودہ ججز، ریٹائرڈ چیف جسٹس آف پاکستان ،مسٹر جسٹس گلزار احمد ، اسلام آباد، لاہور، پشاور، سندھ، بلوچستان کی ہائی کورٹوں کے چیف جسٹسز، جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، آرمی، نیوی اور ایئرفورس کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔