پشاور(وقائع نگار) خیبرپختونخوا کو نشے کے عادی افراد سے پاک کرنے اور نشے کے عادی افراد کے علاج کے حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے احکامات کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے پشاور کے تینوں بڑے ہسپتالوں اور مراکز صحت میں نشے کے عادی افراد کے علاج کیلئے بیڈز مختص کرنے کی ہدایت کردی ۔ اس ضمن میں گذشتہ روز کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور، پشاور کے تینوں بڑے ہسپتالوں کے چیف ایگزیکٹوز ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی اجلاس میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ہدایات جاری کی کہ پشاور کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں نشے کے عادی افراد کے علاج کے لیے الگ وارڈز مختص کیے جائیں اس کے علاوہ پشاور بھر کے بنیادی مراکز صحت میں بھی دس بیڈز مختص کی جائیں اس مقصد کے لئے باقاعدہ ماہر منشیات کی خدمات حاصل کی جائیں جس کے لیے محکمہ ہیلتھ کو احکامات جاری کر دیئے گئے ۔اس کے علاوہ منشیات کے عادی افراد کیلئے خیبرپختونخوا میں قائم 11 بحالی مراکز کی خاطر خواہ انتظامات کرنے کے احکامات جاری کرکے تین دن میں رپورٹ طلب کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ اسی ہفتے منشیات کے عادی افراد کے خلاف کریک ڈان شروع کیا جائے گا اور منشیات کے عادی افراد کو حراست میں لے کر علاج کے لئے بحالی مراکز بنیادی ‘ مراکز صحت اور ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا جہاں پر ان کا علاج کر کے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے گا ۔ انہوں نے احکامات جاری کئے کہ منشیات کے عادی افراد کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیلئے بھرپور تیاریاں کی جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ ان کے موثر علاج کا بھی بندوبست کیا جائے تاکہ معاشرے کو ان سے پاک کیا جا سکے۔