• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلندرز کا دھمال جاری، دوسری فتح کیساتھ پرستاروں کو خوش کردیا، پشاور زلمی کو شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں لاہورقلندرز کا نیشنل اسٹیڈیم میں دھمال جاری ہے۔ دوسری فتح حاصل کر کے پرستاروں کو خوش کردیا۔ سپر لیگ سیون میں کراچی کنگز کے بعد ایک اور سابق چیمپئن پشاور زلمی کو قلندرز کے ہاتھوں29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور نے مسلسل دوسرا میچ جیتا جبکہ پشاور زلمی کو لگاتار دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں نے تین تین میچ کھیلے ہیں۔ بدھ کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں لاہور نے پانچ کیچ ڈراپ کئے اور ایک اسٹمپڈ چھوڑا پھر بھی زلمی کے بیٹسمین 200رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہے۔ پشاور زلمی مقررہ اوورز میں 9وکٹ پر170رنز بنائے۔لگاتار تیسرے میچ میں کوئی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی۔ حیدر علی نے34گیندوں پر49رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے لیکن بیٹنگ لائن قلندرز کی مضبوط بولنگ کے سامنے ناکام رہی۔ زمان خان نے32رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔شاہین آفریدی نے19رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔ ڈیوڈ ویزا نے11رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔ راشد خان نے38رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ زلمی کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ اننگز کی تیسری گیند پرپہلا میچ کھیلنے والے حضرت اللہ زازئی بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کی یارکر پر بولڈ ہوگئے۔ حسین طلعت کے تین کیچ ڈراپ ہوئے تین رنز پر وکٹ کیپر ذیشان اشرف ، گیارہ رنز پر زمان اور14رنز پر کامران غلام ان کے کیچ لینے میں ناکام رہے۔ حسین طلعت15رنز بناکر زمان خان کی گیند پر کیچ ہوئے۔ اگلی گیند پر زمان نے کامران اکمل کو بولڈ کردیا انہوں نے24گیندوں پر 41رنز چار چوکوں اور دوچھکوں کی مدد سے بنائے۔چھ رنز پر حیدر علی کا کیچ حفیظ اور فخر زمان کی غلط فہمی کی وجہ سے ڈراپ ہوگیا۔راشد خان نے شعیب ملک کی اہم وکٹ حاصل کرکے زلمی کو مشکل میں ڈال دی۔ردرفورڈ کا 16رنز پر فخر زمان نے آسان کیچ چھوڑ دیا۔اگلے اوور میں زمان خان نے ردرفورڈ کو بولڈ کردیا انہوں نے21رنز بنائے۔لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ پر199رنز بنائے۔ آخری پانچ اوورز میں63اور تین میں 44رنز بنے۔راشد خان نے8گیندوں پر22ناقابل شکست رنز تین چھکوں کی مدد سے بنائے۔کراچی کنگز کے خلاف سنچری بنانے والے فخر زمان نے ایک اور ذمے دارانہ اننگز کھیلی۔فخر زمان نے ایک اور نصف سنچری اسکور کی اور 3 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے لیکن حسین طلعت کی گیند پر وہ بین کٹنگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔فخر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ248رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ کامران غلام اور محمد حفیظ نے 45 رنز کی شراکت قائم کی لیکن سلمان ارشاد نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر کامران اور پھر ڈیوڈ ویزا کو آوٹ کردیا۔محمد حفیظ نے 19 گیندوں پر 37رنز کی اننگز کھیلی۔انہوں نےایک چھکا اور تین چوکے مارے۔قبل ازیں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قلندرز کے اوپنرز فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے 10رنز فی اوور کی اوسط سے رنز بنائے۔دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 94رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر عبداللہ شفیق کی 41 رنز کی اننگز عثمان قادر کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔لاہور قلندرز کی جانب سے سلمان ارشاد نے دو جبکہ عثمان قادر اور حسین طلعت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔سلمان کا زلمی کے لئے پہلا میچ تھا۔

اسپورٹس سے مزید