کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نےقومی اور انٹر نیشنل سطح پر قومی کھیل میں بہتری کے لئے جامع روڈ میپ تیار کرلیا ہے،جس کی تمام ذمے داری سابق کپتان اصلاح الدین ، اور حسن سردار پر مشتمل نئی انتظامی کمیٹی کو دی گئی ہے جومقامی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے باقاعدہ شیڈول تیار کرے گی، اس منصوبے کے تحت امپائرز اور آفیشلز کے لیے جدید ٹیکنیکل ایجوکیشن کا اہتمام بھی کیا جائے گا،پی ایچ ایف ملک بھر سے نوجوان کھلاڑیوں کی تلاش اور ان کی تربیت کے لیے تعلیمی اداروں میں ہاکی کے فروغ کے حوالے سے اقدامات بھی کرے گی،کمیٹی فیڈریشن اسکولوں اور کالجوں کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینے، انٹر اسکول اور انٹر کالجیٹ مقابلوں کے انعقادکیاجائے گا،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین احمدوانی نے تمام اسٹیک ہولڈرز، اسپانسرز اور ہاکی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے تعاون کریں ۔