کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی نژاد انگلش آل راؤنڈر ریحان احمد نے نیوزی لینڈ سے فتح چھین کر پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کی آس دلا دی۔ کولمبو میں سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں ریحان احمد اور ول جیکس نے شان دار بیٹنگ سے ساتویں وکٹ پر 44رنز جوڑ کرانگلینڈکوچار وکٹ سے فتح دلادی۔ کیویز کیلئے سیمی فائنل میں شرکت اگر مگر کا شکار ہوگئی ہے۔ ول جیکس نے18گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے32 جبکہ ریحان احمد نے سات گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکےکی مدد سے19رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ 159 رنز بنانے کے بعد 16اوور تک میچ کیویز کنٹرول میں تھا۔ لیکن گلین فلپس کے کرائے گئے 17ویں اوور میں بننے والے 22رنز نے نقشہ بدل دیا۔ نیوزی لینڈ کیلئے راچِن رویندرا نے 3اور لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور گلین فلپس نے 1،1وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 7 وکٹ پر 159رنز بنائے۔ گلین فلپس 39، ٹم سائفرٹ35، فن ایلن نے 29 رنز بنائے۔ ول جیکس، ریحان احمد اور عادل راشد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔