کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیموں کے آفیشلز نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اپنی اپنی ٹیموں کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی ہے۔ سینئرٹیم کے منیجر خواجہ جنید نے ایشین چیمپئنز ٹرافی جبکہ جونیئر ٹیم کے ہیڈکوچ دانش کلیم نے جونیئر ورلڈ کپ میں ٹیم کی کار کردگی کے بارے میں اپنی جامع رپورٹ میں کہا ہے کہ انٹر نیشنل میچوں کی کمی، کھلاڑیوں کی مالی مشکلات، ملازمت کی کمی کے سبب کھلاڑیوں کی کار کردگی میں تسلسل پیدا نہیں ہو پا رہا ہے۔ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان مدعو کیا جائے، غیر ملکی دورے کا بھی اہتمام کیا جائے جبکہ ڈومیسٹک سطح پربھی ایونٹ کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے ۔ جونیئر ٹیم کے لئے بھی ملکی سطح پر ٹور نامنٹ اور انہیں غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ مقابلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں۔