٭وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں کابینہ میں شامل بعض ’’انگلش میڈیم وزراء‘‘ کے بارے میں کئی چہ میگوئیاں سننے میں آ رہی ہیں یار لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ وزراء کابینہ کے اجلاسوں میں روانی سے انگریزی بولنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ واقعانِ حال کا کہنا ہے کہ ایک نوجوان وفاقی وزیر کے بارے میں بیوروکریسی میں یہ بات گردش کر رہی ہے کہ وہ اپنی وزارت کے معاملات میں ’’زمینی حقائق‘‘ کو نظرانداز کرتے ہوئے انگریزی زبان کے زور پر ایسے اعدادوشمار پیش کرتے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔
جبکہ دوسرے وفاقی وزیر کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ ’’لاڈلوں‘‘ میں شمار کئے جاتے ہیں اور میگا منصوبوں کی تکمیل کے حوالہ سے حکومت سندھ پر سیاسی دائو پیچ آزما رہے ہیں۔انگریزی سٹائل رکھنے والے تیسرے وفاقی وزیر ہر دور میں حکمرانوں کو راضی رکھنے کے فن سے آشنائی رکھتے ہیں۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ وفاقی وزراء کا یہ ’’ٹرائیکا‘‘ انگریزی زبان کے ذریعے ’’فیورٹ‘‘ بنا ہوا ہے ؟
سابق مشیر کی وفاقی وزیر سے دوستی ؟
٭وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں اتحادی جماعت کے ایک وفاقی وزیر اور حکومتی پارٹی کے ایک سابق مشیر کی ’’نجی محفلوں‘‘ کے حوالہ سے کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ یار لوگوں کا کہنا ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے مذکورہ سابق مشیر اپنے مستقبل کی سیاسی منصوبہ بندی کے لئے وفاقی وزیر سے دوستی کے ناطے کو بڑھانے میں مصروف ہیں۔
واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ حکومتی پارٹی کے یہ سابق مشیر ایک طویل عرصہ تک بنی گالہ کے معاملات کے رازدان کی حیثیت سے جانے جاتے تھے اور کئی پارٹی رہنما اس کے ذریعے بنی گالہ کی رہائش گاہ میں داخل ہوتے تھے۔ بعدازاں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ’’ہیلی کاپٹر فیم‘‘ راہنما کی فراغت کے بعد انہیں بھی ان کی ’’رفاقت‘‘ کی وجہ سے مشیر کے عہدہ سے ہاتھ دھونا پڑ گیا۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ اپنے ’’سیاسی آقا‘‘ کے ایجنڈے پر پنجاب کے بڑے سیاسی خاندان کے چشم وچراغ وفاقی وزیر سے ’’تعلقات کی پینگیں‘‘ بڑھا رہے ہیں؟
لارڈ میئر لاہور کی نامزدگی ؟
٭صوبائی دارالحکومت کے سیاسی اور عوامی حلقوں میں ’’لارڈ میئر لاہور‘‘ کے عہدہ کے لئے حکومتی پارٹی کی طرف سے نامزدگی کے حوالہ سے کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔یار لوگوں کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے دور میں گورنر پنجاب اور لارڈ میئر کے عہدہ پر رہنے والے میاں محمد اظہر کے بیٹے وفاقی وزیر اس عہدہ کے لئے ’’لابنگ‘‘ میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔
واقفان حال کا کہنا ہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے و الے ایک اہم صوبائی وزیر اور ایک سینئر مذکورہ وفاقی وزیر کو اس عہدہ کے لئے واشگاف طور پر موزوں قرار دے رہے ہیں اور پارٹی کی اعلیٰ سطح پر بھی اس سلسلہ میں جوڑ توڑ میں لگے ہوئے ہیں ۔ اندر کی خبر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ حکومتی پارٹی کے دیگر عہدیدار اور بعض وزراء کئی متبادل امیدواروں کے ناموں کو بھی زیر غور لا رہے ہیں ؟