• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کنگز کے بکھر گئے ونگز، مسلسل چوتھی شکست، پشاور زلمی 9 رنز سے فتح یاب

کراچی (عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سیون میں کراچی کنگز کے بکھر گئے ونگز، دنیا کے بہترین بیٹسمین بابر اعظم کی ٹیم فتح کو ترس گئی، ان کی سست بیٹنگ کراچی کنگز کے کام نہ آسکی ۔ پشاور زلمی نے میچ 9رنز سےاپنے نام کرلیا۔ بابر اعظم 63گیندوں پر90رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ انہوں نےبارہ چوکے اور ایک چھکا مارا ۔ انہوں نے آخری تین گیندوں پر تین چوکے مارے۔ بابر نے 17ڈاٹ گیندیں کھیلیں، سلمان ارشاد کی 8گیندوں پر کوئی رن نہیں بناسکے۔ اننگز میں38 ڈاٹ گیندوں نے بھی کراچی کی ہار میں اہم کردار ادا کیا۔ کنگز مسلسل چوتھی شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بدستور سب سے نیچے ہے۔ نوجوان محمد عمر نے22رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ شعیب ملک نے دو رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ زلمی نے تیسرے میچ میں دوسری کامیابی حاصل کی۔ جمعے کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز نے چار وکٹ پر 6وکٹ پر 164رنز بناسکی ۔اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ شعیب ملک نے تیسری ہی گیند پر شرجیل خان کو صفر پر کیچ آئوٹ کرادیا۔ اگلے اوور میں صاحبزادہ فرحان بھی کھاتا کھولے بغیر عمر کا شکار بنے۔ تین رنز پر دو وکٹ گر گئے۔ اس موقع پر بابر اعظم اور ایان کوک بین نے صورتحال کو کنٹرول کیا۔ چھ اوورز میں43رنز بنے۔ لیگ اسپنر عثمان قادر نے کوک بین کوشعیب ملک کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ وہ 19گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے32رنز بناسکے۔ تیسرے وکٹ پر74رنز50 گیندوں پر بنے۔ بابر اعظم نے ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری50گیندوں پر بنائی۔ محمد نبی دس رنز بناکرحسین طلعت کی گیند پر کیچ ہوئے۔کنگز کو آخری پانچ اوورز میں جیت کے لئے63رنز کی ضرورت تھی۔18ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد عمر نے عامر یامین کو 20 رنز پر بولڈ کردیا۔ اس وقت کراچی کو 46رنز کی ضرورت تھی۔ عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے محمد عمر کا شکار بنے۔ دو اوورز میں 44 اور آخری اوور میں 29رنز درکار تھے۔ جن کا حصول ممکن نہ تھا۔ قبل ازیں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ پشاور زلمی نے چار وکٹ پر173رنز بنائے۔ شعیب ملک نے28گیندوں پر52ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ان کی اننگز میں دو چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ شرفین ردر فورڈ نے9رنز بنائے ۔ اوپنر حضرت اللہ زازئی نے 27 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔ زازئی کے آوٹ ہونے کے بعد رنز کی رفتار میں کمی آئی ۔ کامران اکمل 20 ،حیدر علی 16اور بین کٹنگ 24 رنز بناسکے۔ عمید آصف نے36رنز 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد الیاس کی جگہ آنے والے محمد عمران کے چار اوورز میں40 رنز بنے۔