• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک و قوم کیلئے فوج کا کردار اہم، خدمات آئین کے ماتحت، چیف جسٹس عطا بندیال

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،اے پی پی) چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ ملک و قوم کیلئے فوج کا کردار اہم ہے،افواج پاکستان بھی آئین کے ماتحت خدمات سرانجام دیتی ہیں،جنہیں مخصوص حالات میں سویلین اداروں کی امداد کیلئے بھی طلب کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کی۔ اس موقع پرچیف جسٹس عمر عطا بندیال نے وفد کو آئین میں درج بنیادی حقوق سےمتعلق بھی آگاہ کیا۔ چیف جسٹس عمرعطاء بندیال نےپارلیمنٹ،ایگزیکٹوز اور عدلیہ کے کردار سے آگاہ کیا اور وفد کےسوالات کے جوابات بھی دیئے۔سپریم کورٹ کی پریس ریلیز کے مطابق فاضل چیف جسٹس نے جمعہ کے روز لیفٹیننٹ کرنل ہاشم اقبال باجوہ کی سربراہی میں آنے والے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے 49 رکنی وفد کے اراکین سے سپریم کورٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔جس میں دوست ممالک کی افوا ج 20افسران بھی شامل تھے۔ چیف جسٹس نے وفد کو آئین پاکستان کا عمومی جائزہ پیش کرتے ہوئے ریاستی نظام میں اختیارات کی تکون مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات سے متعلق آگاہی دی۔ انہوں نے وفد کے اراکین کو ملک میں رائج نظام عدل، انصاف کی فراہمی کے طریقہ کار ،سپریم کورٹ ،ہائی کورٹ اور ضلعی عدلیہ کے دائرہ اختیار سماعت سے متعلق بریفنگ دی۔چیف جسٹس نے وفد کو شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ایک نہایت باوقار ادارہ ہے جس کا قوم اور ملک کیلئے اہم کردار ہے۔یہ قومی مقاصد کیلئے اپنی جانیں تک قربان کردیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ آئین کے تحت افواج پاکستان کوسیلاب، زلزلہ جیسی قدرتی آفات میں سویلین اداروں کی مدد کے لئے بھی طلب کیا جاتا ہے۔چیف جسٹس نے وفد کو بتایا 25ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کئے گئے قبائلی علاقوں کے اضلاع میں بھی قانون کی حکمرانی قائم کرنی ہے۔
اہم خبریں سے مزید