کوہاٹ(نمائمدہ جنگ)کوہاٹ کے علاقہ مرئی بالا میں اورکزئی سے پیپلز پارٹی کے سابق صدر ملک اقبال حسین کی چلتی کار پر مخالفین کی فائرنگ کے نتیجے میں انکی اہلیہ جاں بحق اور وہ خود زخمی ہوگئے، ملک اقبال فیملی کیساتھ اسلام آباد سے واپس اورکزئی آرہے تھے کہ مرئی کے پہاڑوں میں گھات لگائے مسلح ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا، دیرینہ دشمنی پر ملزمان نے گھات لگا کر فائرنگ کی .
واقعے کا مقدمہ تھانہ استرزئی میں درج کرتے ہوئے مخالف فریق کے تین ملزمان کو ایف آئی آر میں نامزد کر دیا گیا ہے، ملک اقبال حسین کا تعلق اورکزئی سے ہے اور انکی علاقے میں قتل مقاتلہ کی دشمنی چلی آرہی ہے، ملک اقبال حسین اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسلام آباد سے اپنے آبائی علاقے ستر سام اورکزئی آرہے تھے کہ مرئی بالا کے پہاڑی علاقے میں گھات لگائے انکے مخالف فریق کے مبینہ ملزمان آصف، ماجد علی، مشتاق علی اور انکے ایک نامعلوم مسلح ساتھی نے انکی چلتی کار پر اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملک اقبال حسین کی اہلیہ مسماۃ( ب) موقع پر جاں بحق جبکہ گولیاں لگنے سے ملک اقبال خود زخمی ہوگیا، واقعے کی اطلاع پر مقامی پولیس فی الفور جائے وقوعہ پر پہنچ گئی .
جہاں سے مقتولہ کی لاش اور ملک اقبال کو زخمی حالت میں کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، واردات کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جنکی تلاش میں پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا اور انکے گھروں سمیت ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ادھر واقعے کا مقدمہ تھانہ استرزئی میں مجروح ملک اقبال حسین کی مدعیت میں انکے مخالف فریق کے تین نامزد ملزمان اور انکے شریک جرم ایک نامعلوم ملزم کے خلاف درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔