• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیسن رائے نے قلندرز کی بولنگ تہس نہس کردی، کوئٹہ کامیاب، انگلش اوپنر کے جارحانہ 116رنز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے جیسن رائے نے پاکستان سپر لیگ میں اپنے پہلے ہی میچ میں سنچری49گیندوں پر بناکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لاہور قلندرز کے خلاف سات وکٹ کی پراعتماد فتح دلوادی۔ کراچی میں پی ایس ایل کے 15میچ مکمل ہوگئے۔قلندرز کا مضبوط بولنگ اٹیک ٹورنامنٹ میں چوتھے میچ میں دو سو رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا ۔انگلش اوپنر نے اٹیک تہس نہس کردیا۔ محمد نواز نے زمان خان کو چھکا مارکر تین گیند پہلے میچ ختم کردیا۔ جیمز ونس38گیندوں پر49اور محمد نواز 12 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے25رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ دوسرا مرحلہ جمعرات سے لاہور میں شروع ہوگا۔ کوئٹہ نے پانچ میچوں کے بعد دوسری جیت اپنے نام کی ۔ قلندرز نے پانچ میں سے تین میچ جیتے اور دو ہارے ہیں۔ جیسن رائے نے سپر لیگ کی بارہویں سنچری بنائی۔ ان سے قبل آٹھ بیٹسمین سنچری بنا چکے ہیں۔ جیسن رائے نے116رنز57گیندوں پر بنائے۔ جیسن رائے اور جیمز ونس کے درمیان دو سرے وکٹ پر96رنز 63گیندوں پر بنے۔ افتخار احمد تین رنز بناسکے۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےپانچ وکٹ پر 204رنز بنائے ۔ اسی ٹورنامنٹ میں ملتان نے بھی لاہور کے خلاف دو سو سے زائد رنز بناکر میچ جیتا تھا۔ کوئٹہ نے پچاس رنز صرف20 گیندوں پر بنالئے جبکہ پانچ اوور میں71 رنز بنے۔ احسان علی سات رنز بناکر کامران غلام کی گیند پر کیچ ہوئے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اوپنرز فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا۔ 61رنز 8اوورز میں بنے۔ فخر زمان نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 70رنز 45گیندوں پر بنائے ۔ عبداللہ 32رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ کامران غلام 19رنز پر افتخارکو چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔ محمد حفیظ8 اور فل سالٹ بھی 8رنز بنا سکے۔ اختتامی اوور میں ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزا نے 20گیندوں پر 55رنز کی شراکت قائم کی، بروک نے 16گیندوں پر 40جبکہ ویزا نے 22رنز بنائے۔شاہد آفریدی نے تین اوورز میں25رنز دیے۔ لیوک ووڈ نے45رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔غلام مدثر نے43رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ایک وکٹ افتخار احمد کو ملی۔

اسپورٹس سے مزید