• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا رانا شمیم تقرری معیار پر اترتے ہیں، پاکستانی قوانین کا اطلاق گلگت بلتستان پر ہوتا ہے، سندھ ہائیکورٹ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے وائس چانسلر شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی آف لا رانا شمیم کی تقرری سے متعلق درخواست پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت کو پہلے یہ بتایا جائے کہ پاکستان کے قوانین کا اطلاق گلگت بلتستان پر ہوتا ہے؟ کیا گلگت بلتستان کی ہائیکورٹ میں 1973 کے آئین کا اطلاق ہوتا ہے؟ کیا رانا شمیم تقرری کے لیئے مطلوبہ معیار پر پورا بھی اترتے ہیں؟ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ وائس چانسلر کے طریقہ کار کو بعد میں دیکھیں گے پہلے مذکورہ سوالات کے جوابات دیں اور عدالت کو مطمئن کریں جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو مطمئن کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔ چیف جسٹس کے دو رکنی بینچ نے 12 فروری کو دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ پیر کو سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ رانا شمیم کو وائس چانسلر کے عہدے سے ہٹا کر ان کے خلاف نیب کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا جائے۔ چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے کہا کہ پہلے یہ بتایا جائے پاکستان کے قوانین کا اطلاق گلگت بلتستان پر ہوتا ہے؟ وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ گلگت بلتستان ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 169 کے بنائی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا گلگت بلتستان میں 1973 کے آئین کا اطلاق ہوتا ہے؟ کیا رانا شمیم تقرری کے معیار پر پورا اترتے ہیں؟ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت کو مطمئن کرنے کے لیئے مہلت دی جائے جس پر چیف نے ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
اہم خبریں سے مزید