• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دس وزراء کیلئے کارکردگی ایوارڈ، مراد سعید پہلے نمبر پر، کئی وزیر مقابلے سے باہر

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزارت مواصلات بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں میں پہلے نمبر پر رہی‘وزارت منصوبہ بندی کا دوسرا اور تخفیف غربت کی وزارت کا تیسرا نمبر رہاجبکہ فواد چوہدری‘شاہ محمود‘شوکت ترین ‘فروغ نسیم‘حماد اظہر ‘ عمرایوب اوراعظم سواتی سمیت کئی وزراءبہترین کارکردگی کے مقابلے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

جمعرات کو یہاں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی10وفاقی وزارتوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔بہترین کارکردگی میں شفقت محمود کی وزارت تعلیم چوتھے ‘شیریں مزاری کی وزارت انسانی حقوق پانچویں ‘خسرو بختیار کی وزارت صنعت و پیداوار چھٹے‘ مشیر قومی سلامتی معید یوسف ساتویں ‘ عبدالرزاق داؤد کی وزارت تجارت آٹھویں نمبر ‘ شیخ رشید کی وزارت داخلہ نویں اورفخرامام کی نیشنل فوڈ سیکورٹی کی وزارت آخری نمبرپررہی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ نیب میں اصلاحات کے بعد بیوروکریسی کے پاس کام نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں‘جب میں حکومت میں آیا تھا تو میں نے فوری تبدیلی لانے کے بڑی انقلابی تصورات پیش کیے تھے لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ ہمارے نظام میں اچانک تبدیلی برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں۔

وزیر اگر اچھا کام نہیں کریں گے تو میں کیا کرسکتا ہوں۔گورننس کا مقصد عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے‘ جزا و سزا کے بغیر کوئی بھی سسٹم کامیاب نہیں ہو سکتا‘ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں کو بونس اور مراعات دی جائیں گی‘بلاتفریق سب کو مراعات دینے کا نظام نہیں ہونا چاہئے۔

اہم خبریں سے مزید