کراچی ( اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لاہور پہنچتے ہی دھچکا لگ گیا۔ ان فارم آل راؤنڈر محمد نواز پیر انجری کے سبب پی ایس ایل 7 کے بقیہ میچز سے باہر ہوگئے ۔گلیڈی ایٹرز کی مینجمنٹ نے محمد نواز کے پی ایس ایل سے باہر ہوجانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز کو ٹریننگ کے دوران بائیں پاؤں میں انجری ہوئی ہے۔ محمد نواز کا متبادل لیا جائے گا۔ادھر جیو نیوز کے مطابق پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل محمد نواز کی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ محمد نواز کے میچ کے دوران پاؤں پر زور پڑا تھا جس کے بعد فریکچر کی تصدیق ہو گئی تاہم ٹیم مینجمنٹ اب ان کے متبادل کھلاڑی کی درخواست ٹیکنیکل کمیٹی کو دے گی۔واضح رہے کہ آل راؤنڈر محمد نواز آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہیں جبکہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے شیڈولڈ ہے لہٰذا محمد نواز کی ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہے۔