کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ نے اشارہ دیا ہے کہ 12 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا قیام حقیقت کا روپ دھارنے کے قریب ہے، اگرچہ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس فارمیٹ کا طویل مدتی مستقبل کم ممالک کی شمولیت پر ہی مبنی ہوگا۔ مختلف کرکٹ بورڈز اور آئی سی سی فی الحال فیوچر ٹورز پروگرام کو حتمی شکل دینے کے آخری مراحل میں ہیں، اور اس کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔ 2019 میں اپنے آغاز کے بعد سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں نو ٹیمیں شامل رہی ہیں جو فائنل تک رسائی کی دوڑ میں دو سال کے عرصے کے دوران چھ ٹیسٹ سیریز (تین ہوم اور تین اوے/بیرون ملک) کھیلتی ہیں۔ ان سیریز میں کم از کم دو میچز شامل رہے ہیں، لیکن مستقبل کے ماڈل میں جس کا اطلاق 2029-31 سے ہوگا، زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان کو شامل کرنے کی غرض سے ایک ٹیسٹ کو بھی شمار کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ اگلے ماہ بالی میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاسوں کے دوران متوقع ہے۔