کراچی(اسٹاف رپورٹر)کپتان سرفراز احمد نے32گیندوں پر نا قابل شکست 50رنز بناکر پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد کو دھول چٹادی،سنسنی خیز مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سےفتح دلوادی۔ایک موقع پر 200رنز کا ہدف مشکل نظر آرہا تھا لیکن سرفراز احمد اور دو سال بعد ٹیم میں آنے والے عمر اکمل نے کوئٹہ کو نا قابل یقین فتح دلوادی میچ کا فیصلہ دو گیند پہلے ہوا۔کوئٹہ نے مسلسل دوسرے میچ میں دو سو رنز کا ہدف عبور کیا۔سرفراز احمد کی اننگز میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔عمر اکمل نےتین چھکوں کی مدد سے8گیندوں پر23رنز بنائے۔ہفتے کی شب قذافی اسٹیڈیم میںشاداب نے25رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے محمد وسیم نے61رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ نے چھ میچوں میں تیسری جیت حاصل کی ہے ۔اس سے قبل جیسن رائے نے کوئٹہ کے لئے ایک اور برق رفتار اننگز کھیلی۔انہوں نے احسان علی کے ساتھ8اوورز میں 88رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔محمد وسیم نے 25رنز پر جیسن رائے کا کیچ بھی ڈراپ کیا۔جیسن رائے27گیندوں پر54رنز بناکر شاداب کو ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔ڈاسن نے احسان کو ایل بی ڈبلیو کردیا انہوں نے23رنز بنائے۔سرفراز احمد کے آنے کے بعد جیمز ونس 30رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔14اوورز میں اسکور تین وکٹ پر130رنز تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد کئی ہچکولے کھانے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے8وکٹ پر199 رنز کا بڑا اسکور بنالیا۔ایلکس ہیلز کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت ایک موقع پردس اوورز میں اسکور ایک وکٹ پر100رنز تھا۔ہیلزنے 62رنز بناکر رن آوٹ ہوئے۔ کوئٹہ نےدس گیندوں پر چار وکٹ چار رنز پر حاصل کر لئے۔محمد اخلاق اور شاداب خان شاہد آفریدی کی گیند پر آوٹ ہوئے۔شاہد آفریدی نے براہ راست تھرو پر اعظم خان کو صفر پر رن آوٹ کردیا۔جبکہ پانچ وکٹ9رنز پر گرے۔ آصف علی ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 6 رنز بنا کر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوراحمد کی وکٹ بن گئے۔رحمان اللہ 19 ، شاداب خان 12بناکر آوٹ ہوئے۔لیام ڈاسن اور فہیم اشرف نے آکر وکٹ سنبھالی تو 78 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی،فہیم اشرف 28 گیندوں پر 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنا 187 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے پھر لیام ڈاسن بھی 13 رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔