• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ، جیل سپرنٹنڈنٹ اور ماتحت عملے نے قیدیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، شکارپور سے قیدی کی دھوم دھام سے واپسی

لاڑکانہ( بیورو رپورٹ)ایک ہفتہ سنٹرل جیل لاڑکانہ میں کشیدگی اور جیل کے سات اہلکاروں کے یرغمال بننے اور چھوڑے جانے کے بعد آخرکار جیل سپرنٹنڈنٹ اور ماتحت عملے نے قیدیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔ایک ہفتہ قبل انتظامی طور پر شکارپور جیل منتقل کیا جانے والا قیدی محمد علی کھوکھر دھوم دھام سے واپس سنٹرل جیل لاڑکانہ واپس پہنچ گیا۔ جیل سپرنٹنڈنٹ اشفاق کل وڑنے ایک حکم کے ذریعے قتل کے الزام میں سزایافتہ قیدی محمد علی کھوکھر کو انتظامی وجوہات کی بنا پر لاڑکانہ سے شکارپور جیل منتقل کردیا تھا تاہم قیدی کی منتقلی پر ساتھی قیدیوں نے جیل کے سات اہلکاروں کو جبری طور پر پکڑ کر بیرک میں بند کرکے یرغمال بنا لیا اور جیل میں موجود تین سو اہلکاروں پر مشتمل عملہ منہ دیکھتا رہ گیا اور اپنے ساتھیوں کو رہا نہ کر اسکا جس کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ نے قیدیوں سے مذاکرات کے تین دور کئے اور شکارپور بھیجے جانیوالے قیدی کو واپس لاڑکانہ جیل منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ قیدیوں نے ابتدائی طور پر پانچ اور بعد میں دو اہلکاروں کو چھوڑ دیا جس کے جواب میں قیدی محمد علی کو شکارپور جیل سے واپس لاڑکانہ جیل منتقل کردیا گیا۔ قیدی کے لاڑکانہ جیل پہنچنے پر ساتھی قیدیوں نے برتن بجا کر اس کا زبردست استقبال کیا اور وکٹری کے نشان بلند کئے جبکہ دوسری جانب جیل اہلکار شدید مایوسی کا شکار نظر آئے۔
اہم خبریں سے مزید