• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ول اسمیڈ کی تنہا جدوجہد ناکام، کوئٹہ کو شکست سے نہ بچا سکے، پلے آف کھیلنا مشکل، پشاور زلمی کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو24 رنز سے شکست دے کر پلے آف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی لیکن اس کا رن ریٹ اب بھی کم ہے۔ کراچی کنگز کے بعد کوئٹہ کا پلے آف میں جانا مشکل ہوگیا ہے ۔ پشاور نے8میں سے چار میچ جیتے اور چار ہارے ہیں وہ چوتھے جبکہ کوئٹہ 8ویں میچ میں پانچویں شکست کے بعد پانچویں نمبر چلی گئی ہے۔ وہ اب دوسری ٹیموں کے رحم و کرم پر ہے اور آخری دونوں میچ بھی جیتنا ہوں گے۔ ول اسمیڈ دوسرے میچ میں بھی سنچری سے محروم رہے ۔وہ تنہا لڑتے ہوئے تین چھکوں اور بارہ چوکوں کی مدد سے60گیندوں پر99رنز بناکر سلمان ارشاد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پشاورز لمی کوعثمان قادر نے اپنے آخری اوور میں افتخار احمد اور اپنے بہنوئی عمر اکمل کی وکٹ دلوا کر جیت سے دور کردیا۔ ول اسمیڈ پی ایس ایل میں 99پر آئوٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں اس سے قبل کوئٹہ کے احمد شہزاد 2019 میں 99 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے۔2019میں قلندرز کے بین ڈنک 99رنز پر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔ منگل کی شب قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ کی ٹیم8وکٹ پر161رنز بناسکی۔ عثمان قادر نے 25رنز دے کر تین اور سلمان ارشاد نے37رنز کے عوض دو وکٹ حاصل کئے۔ کوئٹہ نے اننگز شروع کی ۔ اوپنر جیسن 13رنز بناکر لیونگ اسٹون اور ونس بغیر کوئی رن بنائےعثمان قادر کی وکٹ بن گئے ۔سرفراز احمد اچھا کھیلتے ہوئے چھکا مارنے کی کوشش میں بائونڈری پر لیونگ اسٹون کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ سرفراز احمد نے21گیندوں پر25رنز تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔ پشاور زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔19ویں اوور میں بین کٹنگ نے سہیل تنویر کے ایک اوور میں27رنز بناکر اپنی ٹیم کاسات وکٹ پر185رنز بنانے میں مدد دی۔ بین کٹنگ نےچار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے14گیندوں پر36رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی ۔ نسیم شاہ نے27رنز کے عوض دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے ایک ہی اوور میں حضرت اللہ زازئی اور لیام لیونگسٹن کو آئوٹ کردیا۔ 29رنز بنانے کے بعد حارث پویلین لوٹے۔ شعیب ملک نے41گیندیں کھیلیں اور 8 چوکوں سے مزین 58 رنز اسکور کیے۔ ویسٹ انڈین شرفین ردرفورڈ بغیر کوئی رن بنائے افتخار کو وکٹ دے بیٹھے۔ حسین طلعت نے بھی 51رنز بنائے۔ انہوں نے33گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور چھ چوکے مارے ۔ (کھیلوں کی مزید خبریں صفحہ 2پر )

اسپورٹس سے مزید