• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ‘ قلات اور ڈیرہ مراد جمالی میں 32مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ناقص و مضر خوراک کی فراہمی کے خلاف جاری آپریشن کے دوران کوئٹہ ، قلات اور ڈیرہ مراد جمالی میں 14میٹ شاپس سمیت 32 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ کوئٹہ کے علاقوں سریاب ، عالمو چوک ائیرپورٹ روڈ) اور جناح ٹاؤن میں 10 میٹ شاپس کو وارننگ نوٹسز کے باوجود دکانوں کے باہر غیر صحت بخش ماحول میں گوشت لٹکانے و صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا ، سریاب کے نواحی علاقے میں قائم 3 بیکنگ یونٹس کے خلاف یونٹ میں گندگی ، ورکرز کی ذاتی صفائی و دستانے ، ماسک وغیرہ نہ ہونے اور اشیاء کی تیاری میں مضر صحت کپڑے رنگنے والے کلرز کے استعمال پر کارروائی کی گئی ، جناح ٹاؤن میں موجود ہاٹ بروسٹ کو کچن میں صفائی کی ابتر صورتحال ، حشرات کی موجودگی و ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے جبکہ معروف زمزمہ بیکری بیکنگ پلانٹ کو ناقص و غیر صحت بخش اسٹوریج سسٹم سمیت مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا گیا۔ نیو اڈہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں 5 ہولسیل ٹریڈرز سے کھلا اور پابندی عائد ناقص کوکنگ آئل نازگل ، حیات ، گلناز برآمد ہوئے جس پر پانچوں مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے۔ قلات میں 3 جنرل اسٹورز اور ایک ہولسیلر کو زائد المیعادکولڈرنکس و مصالحے رکھنے جبکہ ایک ہوٹل کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا ، ڈیرہ مراد جمالی میں 4 میٹ شاپس اور مضر صحت چائنیز نمک ، غیر معیاری فوڈ کلرز و ایکسپائرڈ فوڈ آئٹمز برآمد ہونے پر 3 مصالحہ شاپس کے خلاف کارروائی کی گئی۔
کوئٹہ سے مزید