کراچی(مانیٹرنگ نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی پھر آگ و خون میں ہے، تھانوںمیں بھی رینجرز تعینات کرنا ہونگے، صوبے کے حالات پر پولیس کی گرفت نہیں رہی، اطہرمتین کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کے لیے آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری سے رپورٹ طلب کرلی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نجی ٹی وی کے سینئرپروڈیوسر اطہرمتین کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کے لیے آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری سے رپورٹ طلب کرلی ہے.
انہوں نے کہا کہ صحافی کی شہادت بہت دکھ اورافسوس کی بات ہے،کراچی پھر آگ اور خون میں کھیل رہا ہے،کراچی کے حالات پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت کو سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ کراچی کے حالات سے متعلق رینجرز سے بھی بات کی جائے گی تاکہ کوئی بڑا قدم اٹھایا جاسکے،انسانی جانوں کا اس طرح جانا کسی سانحے سے کم نہیں، صوبوں کے حالات پر پولیس کی گرفت نہیں رہی، سخت انتظامیہ ضروری ہے۔