لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں 27فروری کو ہونے والے لانگ مارچ میں لاجسٹک انتظامات کے لئے سندھ کے صوبائی وزرا کی ٹیم لاہور پہنچ گئی، جن میں ناصر شاہ، شرجیل میمن اور اویس علی شاہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ بلاول بھٹو کے لئے بلٹ پروف ٹرک تیار کیاگیا ہے جس میں بیڈ،کچن، سٹوڈیو، صوفے، ٹائلٹ سمیت ہر چیز کا بندوبست ہوگا۔ سکیورٹی کی وجہ سے بلاول بھٹو رات سفر نہیں کریں گے۔ لاہور داخل ہوکر لانگ مارچ شرکا ملتان روڈ مراکہ میں قیام کریں گے۔ جہاں خیمے لگائے جائیں گے، بجلی پانی، ٹائلٹ اور30ہزار شرکا کے کھانے کا بندوبست ہوگا۔پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی کی رہائش ڈیفنس سوسائٹی میں ہونے والے پنجاب کے نائب صدور کے اجلاس کے دوران لانگ مارچ کے ساہیوال، لاہور اور وزیر آباد میں رات قیام کے دوران رہائش، کھانے، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔