کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین کرکٹ آسٹریلیا لاچی ہینڈرسن کا کہنا ہے کہ جسٹن لینگر کے استعفے کے بعد ٹیم کے لیے ہیڈ کوچ کے کردار کو تقسیم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ کیونکہ ایک شخص کے لیے تمام فارمیٹس کی کوچنگ ایک تھکا دینے والا اور بہت وقت طلب کام ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کوچنگ کا زیادہ تقسیم شدہ طریقہ مستقبل کا راستہ ہو۔لینگر نے نومبر میں اپنے پہلے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ ٹائٹل اور اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف 0-4 سے ایشز سیریز میں فتح میں آسٹریلیا کی کوچنگ کی تھی،غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق انہوں نے بطور کوچ مختصر مدت کی توسیع کو مسترد کرتے ہوئے رواں ماہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اینڈریو میکڈونلڈ کو ٹیم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان سے قبل عبوری طور پر تعینات کیا گیا ہے اور انہیں کوچ کے مستقل کردار کے لیے امیدواروں میں سب سے آگے سمجھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مستقبل قریب میں ایک ہی ہیڈ کوچ لگانے جا رہے ہیں۔