• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز اور زرداری پاکستان میں کرپشن کی تصویریں ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) متحدہ اپوزیشن کے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور آصف علی زرداری پاکستان میں کرپشن کی تصویریں ہیں، دونوں نے تحریک عدم اعتماد پیسے لگانے کا طے کرلیا ہے.

 لوٹ مار کے 2بڑے سوداگر اکٹھے ہوگئے،ہمارے3ایم این ایز کو پیسوں کی آفر کی گئی،ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دینگے،تمام معاملات پر نظر ہے، ادھر ایم کیوایم پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام آپشن کھلے رکھے ہیں ، پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد میں بارڈر پر چل رہے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیراعظم نے دورہ روس سے متعلق اعتماد میں لیا، شرکاء نے وزیراعظم کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، 23 سال بعد پاکستان کے وزیراعظم روس کا دورہ کر رہے ہیں، دنیا کی نظریں وزیراعظم اور روسی صدر کی ملاقات پر ہوں گی، وزیراعظم نے کل واضح کیا کہ کسی گروپ کا حصہ نہیں ہے.

 دنیا کی 40 فیصد سے زیادہ گندم روس اور یوکرین میں پیدا ہوتی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رات پاکستان کے 2 بڑے سوداگر اکٹھے ہوئے، ہمارے 3 ایم این ایز کو عدم اعتماد کے لئے پیسوں کی آفر کی گئی، پاکستان میں کرپشن کی 2 تصاویر شہباز شریف اور زرداری ہیں، ان میں طے ہوا کہ عدم اعتماد کے لئے کتنے کتنے پیسے لگائیں گے.

 3 ایم این ایز کو پیسوں کی آفر شرمناک ہے، اگر ان میں جرات ہے تو عدم اعتماد کل ہی لے کر آئیں، اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ عدم اعتماد لائیں ان کو لگ پتہ جائے گا، شہباز شریف کیس کی روزانہ سماعت کے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، جس دن کیس روزانہ چلے گا شہباز شریف کو جیل جانا ہوگا، اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک نہیں لاسکتی۔

 وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین کا جلسہ کامیاب رہا، عوام نے وزیراعظم عمران پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، پنجاب میں پہلی بار ضلعی ترقیاتی بجٹ دیا گیا ہے۔دریں اثناء ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام آپشن کھلے رکھے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید