پشاور (خصوصی نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی صوبائی دارلحکومت پشاورمیں انسداد پولیو مہم28 فروری سے شروع ہوگی جس میں 8 لاکھ 66 ہزار سے بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمودنے مولوی امیر شاہ میموریل ہسپتال میں بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق، اسسٹنٹ کمشنر عمر اویس کیانی،اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر محمد ادریس، ڈاکٹر نوید، ڈاکٹر سیف، پولیو کمیونیکیشن آفیسر فیصل خان اوردیگر افسران موجود تھے۔ افتتاح کے بعدڈپٹی کمشنر پشاور کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم06 مارچ تک جاری رہے گی جس میں 866603 بچوں کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے مہم کے لئے 2496ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں سیکورٹی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ خالد محمود نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لئے پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو پولیو کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کر نا ہو گا مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔