کراچی( اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل سیون کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندر نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر تماشائیوں سے بھرے ہوئے قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ ملتان سلطانز سے ہوگا۔ آل رائونڈر ڈیوڈ ویزا نے قلندرز کو فائنل کا ویزا دلوایا۔ ناکام ٹیم دو گیند قبل 162رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ جارحانہ 28رنز اسکور کرنے والے ڈیوڈ ویزا نے آخری اوور میں 8 رنز نہیں بننے دیے۔ اسلام آباد کی جانب سےالیکس ہیلز نے 29گیندوں پر38رنز بنائے جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، اعظم خان نے28گیندوں پر تین چوکوں اوردو چھکوں سےسب سے زیادہ40رنز بنائے، پال اسٹرلنگ13ول جیکس0،شاداب خان14 ڈائوسن12 حسن علی نے چھ رنز بنائے، آصف علی نے 25رنز 22گیندوں پر بنائے جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔ اسلام آباد کے تین کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔ قبل ازیں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف دیا۔ قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی اوور میں فخرزمان ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے اور ڈاؤسن بھی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق، کامران غلام اور محمد حفیظ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 168رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 52، کامران 30اور محمد حفیظ 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔